بھٹکل :14؍ مارچ (ایس اؤ نیوز)قومی تعلیمی ادارہ انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے تحت چلنے والے اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول کے ہونہار طالب علم مفاز احمد ابن مبین احمد ائیکری کو سال 2020-21 اور عبدالحنان ابن محمد حفیظ عسکری کو سال 2021-22 کے لئے سب سے باوقار اعزاز وقار اسلامیہ سے نواز ا گیا۔ ان کے ساتھ ساتھ متعلم سبحان شریف ابن عبدالسلام حوّا کو سال 2021-22کے لئے وقاراسلامیہ کا رنرزاپ منتخب کرکے اسے بھی اعزازبخشا گیا۔ اعزاز کی یہ تقریب اسکول کے سالانہ جلسہ کے موقع پر رکھی گئی تھی جو 13مارچ 2022بروز پیر کو ہائی اسکول کے عثمان حسن ہال میں منعقد کی گئی تھی ۔
تقریب میں سال 2021-22 کے سنئیر ثقافتی مقابلوں میں بھی جماعت دہم کے عبدالحنان ابن محمد حفیظ عسکری کو اسکول چمپئن کے اعزاز سے نوازا گیا، جبکہ جونئیر ثقافتی مقابلوں میں جماعت ہشتم کے متعلم محمد انس ابن ابو سلمان بیری نے یہ اعزاز حاصل کیا۔ اسی طرح انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کی جانب سے ایس ایس ایل سی ٹاپر کو دیا جانے والامرحوم ایم ایم صدیق میمورئیل ایوارڈ متعلم فقی محمد شہزان ابن محمد شبیر نے حاصل کیا۔ اسی طرح اس بار سال 2021-22 کے بیسٹ اٹھلیٹکس کا خطاب نثار احمد ابن نعمان باشاہ کو دیا گیا۔
بتاتے چلیں کہ اسلامیہ اینگلو اُردو ہائی اسکول کی طرف سے وقار اسلامیہ کا ایوارڈ ہر سال اُس ہونہار او ر ذہین طالب علم کو دیا جاتا ہے جس نے آٹھویں، نویں اور دسویں میں( حال تک) سب سے بہترین پرفارمینس پیش کیا ہو، ایوارڈ میں گولڈ میڈل کے ساتھ سرٹی فیکٹ دی جاتی ہے۔ جبکہ ایم ایم صدیق میموریل ایوارڈ ہر سال اسی اسکول کے میٹرک ٹاپر کو دیا جاتا ہے جو پانچ ہزار روپئے نقد مع سرٹی فیکٹ پر مبنی ہوتا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ گذشتہ سال کووڈ کی وجہ سے انعامی تقریب منعقد نہیں کی گئی تھی ۔ اس بنا پر گذشتہ سال کا وقار اسلامیہ ایوارڈ بھی امسال کی تقریب میں دیا گیا۔
جلسہ میں کاروار کے ڈی ڈی پی آئی ہریش گاؤنکر نے مہمان خصوصی کےطورپر خطاب کرتےہوئے کہاکہ انجمن بلاتفریق مذہب و ملت ، کسی بھی طرح کی ذات پات کی تفریق کئے بغیر تعلیم دیتا آرہا ہے۔ انجمن ضلع کا ایک مثالی تعلیمی ادارہ ہے۔انجمن سے میراخاندانی تعلق ہے یہاں میرے تایا استاد تھے تو میرے رشتہ دار وں نے بھی یہاں تعلیم پائی ہے۔ انہوں نےکہاکہ طلبا ، والدین اور اساتذہ ایک مثلث کی مانند ہوتے ہیں ان میں ایک باطنی ربط ہوتا ہے۔ بچوں کے تعلق سے والدین جو خواب دیکھتےہیں اساتذہ اس میں رنگ بھرتےہیں۔ محنت و مشقت اور عزم طلبا کو ترقی کی طرف لےجاتاہے اور وہ دنیا پر چھاجاتےہیں۔
جلسہ کا آغاز متعلم عبدالحنان عسکری کی تلاوت قرآن سے ہوا۔ محمد سبطین نے ہدیہ نعت پیش کی ، محمد ارقم اینڈ پارٹی نے اسکول ترانہ پیش کیا۔ اسکول بورڈ سکریٹری عبدالوجدکولا نے استقبالیہ کلمات پیش کئے ، انجمن ہائی اسکول نوائط کالونی کے انچارج صدر مدرس نورمحمد نے مہمانوں کا تعارف پیش کیا۔ اسلامیہ اینگلو اُردو ہائی اسکول کے صدر مدرس شبیر احمد دفعدار نے سالانہ رپورٹ کی خواندگی کی۔ متعلم محمد ارقم ڈانگی نے ترانۂ انجمن پیش کیا۔ سالانہ جلسہ میں اسکول کی سطح پر منعقدہ ثقافتی و کھیل مقابلوں میں جیت حاصل کرنے والے طلبا کے درمیان مہمانوں کے ذریعےا نعامات تقسیم کئے گئے۔ مولانا محمد اشرف معلم نے شکریہ کلمات پیش کئے۔ اسکول کے اساتذہ نورمحمد، رضاصاحب نپانی اور فاروق غنی نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ ڈائس پر اعزاز مہمان کے طور پر بھٹکل مسلم جماعت دبئی کے ایگزیکیٹیو ممبر نوید کوبٹے سمیت انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے جنرل سکریٹری صدیق اسماعیل، رکن انتظامیہ مولانا محمد اٰمین رکن الدین ندوی وغیرہ بھی موجود تھے، جنہوں نے طلبہ کی کاوشوں کی ستائش کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی ساتھ ساتھ بچوں کو کئی نصیحتوں سے بھی نوازا۔ انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے نائب صدر (دوم) محمد صادق پلور نے صدارت کی۔